نئی دہلی: دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں شدید دھند کی وجہ سے اتوار کے روز فضائی اور ریل ٹریفک متاثر رہی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ دہلی اور این سی آر میں اگلے چار دنوں یعنی 18 جنوری تک دھند چھائے رہنے کی امید ہے۔
یو این آئی اردو کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز دارالحکومت کا کم سے کم درجہ حرارت 3.5 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ لودھی روڈ میں درجہ حرارت مزید گر کر 3.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا جو معمول سے 4 ڈگری کم ہے۔ پالم میں کم سے کم درجہ حرارت 5.9، اور آیا نگر میں 4.0 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ این سی آر خطہ کے بیشتر علاقوں میں کہرے کی گھنی چادر چھائی ہوئی تھی جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ہندوستانی ریلوے کے مطابق، ملک کے مختلف حصوں سے دہلی آنے والی تقریباً 22 ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی ایل) ہوائی اڈے پر کئی فلائٹ آپریشن بھی شدید دھند کی وجہ سے متاثر ہوئے۔ دریں اثناء، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور اتر پردیش کے کچھ علاقوں میں کہرا چھایا ہوا ہے اور کم از کم درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔ دارالحکومت میں 18 جنوری تک شدید دھند کے ساتھ سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔