ابھی کچھ دیر قبل یہ روح فرسا خبر موصول ہوئی کہ! ہندوستان کی مشہور ومعروف دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین ڈابھیل کے قدیم ومؤقر استاذ، شیخ القراء والمجودین، استاذ الاساتذہ، سیکڑوں علماء کے سرپرست ومربی، *حضرت قاری احمد اللہ صاحب بھاگلپوری* دار فنا سے دار بقا کی جانب کوچ کرگئے۔ *انا للہ وانا الیہ راجعون*
آپ گذشتہ چند روز سے سخت علیل تھے، آپ کی خدمات کی فہرست طویل ہے سیکڑوں کی تعداد میں آپ کے شاگردان خدمت دین میں منہمک ہے، سیکڑوں کی تعداد میں طلبۂ علوم نبوت نے آپ سے کسبِ فیض کیا، آپ نے تجوید وقرأت کے ذریعے اپنی منفرد شناخت بنائی، قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھا اور پڑھایا جائے اسی مشن پر آپ نے اپنی پوری زندگی وقف کردی، آپ ہندوستان کے بڑے مدارس میں سے ایک دینی درسگاہ جامعہ تعلیم الدین ڈابھیل کے ایک لمبے عرصے تک شیخ القراء اور استاذ تجوید جیسی عظیم الشان مسند پر جلوہ افروز رہے، خاندان مدنی بالخصوص صدر جمعیۃ علمائے ہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم سے آپ کے دیرینہ اور گہرے تعلق رہے، بحمداللہ صدر جمعیۃ علماء ضلع ناسک مولانا عبدالقیوم قاسمی صاحب کو بھی آپ سے شرفِ تلمذ اور سرپرستی ورہنمائی حاصل رہی اسی طرح ہمارے شہر عزیز مالیگاؤں کے علمائے کرام کے ایک بڑے طبقے کو آپ سے روحانی فیض اور شرفِ شاگردی حاصل ہے، لیکن! آج مشیتِ خداوندی کے تحت آپ نے ہم سب کو الوداع کہہ کر لقاءِ خداوندی کا شرف حاصل کیا اور ہزاروں لوگوں کی آنکھوں کو نمناک کردیا۔۔۔
*رہنے کو سدا دہر میں آتا نہیں کوئی*
*تم جیسے گئے ایسے بھی جاتا نہیں کوئی*
اس غمناک موقعہ پر ہم خدام جمعیۃ علماء ضلع ناسک وہی کہیں گے جو اس طرح کے موقعوں پر اللہ کے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرمایا کرتے تھے
*إِنَّ لِلَّهِ مَا أَخَذَ وَلَهُ مَا أَعْطَى وَكُلُّ شَيْءٍ عِنْدَهُ بِأَجَلٍ مُسَمًّى فَلْتَصْبِرْ وَلْتَحْتَسِبْ۔*
ہم خدام جمعیۃ علماء ضلع ناسک دعاگو ہیں کہ اللہ رب العزت حضرت قاری احمد اللہ صاحب بھاگلپوری رحمۃ اللہ علیہ رحمتہً واسعہ کی کامل ومکمل مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے، خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمائے، سیئات کو حسنات سے مبدل فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اعلی علیین میں شمار فرمائے، تجوید وقرأت کے آپ کے مشن پر گامزن رہنے کی ہم سب کو توفیق باسعید مرحمت فرمائے، ہم سب کو آپ کا نعم البدل عطا فرمائے اور آپ کے تمام شاگردان اعزا اقربا متلعقین بالخصوص لواحقین واہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین
*جان کر من جملۂ خاصان مئے خانہ تجھے*
*مدتوں رویا کریں گے جام و پیمانہ تجھے*
*اک قیامت ڈھائے گا دنیا سے اٹھ جانا تیرا*
*گذارش:* جمعیۃ علماء ضلع ناسک (ارشد مدنی) بالخصوص ضلع ناسک اور بالعموم مہاراشٹر کے تمام ہی مسلمانوں سے، ارباب مدارس وعلماء فضلاء اور ائمہ حضرات سے حضرت قاری صاحب کے تمام ہی شاگردان سے اپیل کرتی ہے کہ حضرت کےلیے ایصال ثواب کا اپنے اپنے حلقۂ اثر، مساجد، مدارس میں اہتمام کریں اور اپنی اپنی دعوات مستجاب میں حضرت کو ضرور بہ ضرور یاد کریں۔۔۔۔
*اپیل کردہ وشریکانِ غم ودعاگو:*