نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر کی اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ کے لیے الیکشن کی تاریخ تبدیل کر دی ہے۔ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق یہاں تیسرے مرحلے کے تحت 7 مئی کو ووٹنگ ہونی تھی۔ اب یہاں انتخابات کے چھٹے مرحلے کے دوران 25 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کئی سیاسی جماعتوں کے انتخابی تاریخوں میں توسیع کے مطالبے اور زمینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ‘مرکز کے زیر انتظام علاقے کی انتظامیہ کی رپورٹ پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ حلقے کی موجودہ زمینی صورتحال کا تجزیہ کرنے کے بعد عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 56 کے تحت مذکورہ پارلیمانی حلقے میں ووٹنگ کی تاریخ میں ترمیم کرنے کا یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ ‘سیاسی جماعتوں نے مختلف لاجسٹکس، مواصلات اور رابطے کی قدرتی رکاوٹوں کا حوالہ دیا ہے جو انتخابی مہم میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حالات مذکورہ پارلیمانی حلقے میں الیکشن لڑنے والے امیدواروں کے لیے منصفانہ مواقع کی کمی کے مترادف ہیں جو انتخابی عمل کو متاثر کر سکتے ہیں۔
لوک سبھا انتخابات 2024 کے تحت دو مراحل کی ووٹنگ ہوچکی ہے ۔ اب تیسرے مرحلے کے انتخابات 7 مئی کو ہونے ہیں۔ جموں کشمیر یونین ٹیریٹری میں لوک سبھا کی کل پانچ سیٹیں ہیں۔ سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان سیٹوں پر الگ الگ مرحلہ میں ووٹنگ کروائی جا رہی ہے۔ کل سات مرحلوں میں ووٹنگ کے بعد انتخابی نتائج 4 جون کو سامنے آئیں گے۔