نئی دہلی : بی سی سی آئی نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ہندوستانی ٹیم پر نوٹوں کی بارش کی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے 125 کروڑ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستان نے ہفتہ کی رات T20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دے کر خطاب جیتا ۔ ہندوستانی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہ کر خطاب اپنے نام کیا۔ ٹی 20 میں یہ ہندوستان کی دوسری ورلڈ کپ ٹرافی ہے۔ اس سے قبل مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے 2007 میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جیتا تھا۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے اتوار کی شام T20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے لیے انعامی رقم کا اعلان کیا۔ جے شاہ نے ٹویٹ کیا کہ ‘مجھے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے پر ٹیم انڈیا کے لیے 125 کروڑ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے ۔ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی ٹیلنٹ، عزم اور کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس شاندار کامیابی کے لیے سبھی کھلاڑیوں، کوچز اور معاون عملے کو مبارکباد!‘‘
خیال رہے کہ ہندوستانی ٹیم کو ورلڈ چیمپئن بننے پر آئی سی سی سے 20.4 کروڑ روپے کی انعامی رقم ملی ہے۔ لیکن بی سی سی آئی نے اپنے چیمپئن کھلاڑیوں کیلئے اپنی تجوری کا منہ کھول دیا ہے۔ ہندوستان نے اس ورلڈ کپ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی ۔
وہیں اگر فائنل میچ کی بات کریں تو ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 176 رنز بنائے تھے۔ ہندوستان کی جانب سے وراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 8 وکٹوں پر صرف 169 رنز بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کو آخری اوور میں جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے۔ لیکن ہاردک پانڈیا نے شاندار گیند بازی کر کے ہندوستان کو چیمپئن بنا دیا۔ پانڈیا نے آخری اوور میں 2 وکٹیں حاصل کیں جس میں خطرناک ڈیوڈ ملر کی وکٹ بھی شامل تھی۔