سری نگر : جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں بدھ کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ جاری انکاؤنٹر میں ۳ پاکستانی دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ انکاؤنٹر ضلع کے گندوہ علاقے کے بجد گاؤں میں صبح تقریباً 9.50 بجے شروع ہوا۔ ایک افسر نے بتایا، ’’گاؤں میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں انٹلی جنس ان پٹ کی بنیاد پر، پولیس، سی آر پی ایف اور فوج نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ جب سیکورٹی فورسز چھپے ہوئے دہشت گردوں کے قریب پہنچے تو انہوں نے ان پر فائرنگ کردی۔ اس کے بعد انکاؤنٹر شروع ہوا۔ افسر نے بتایا کہ جاری آپریشن میں تین پاکستانی دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ تصادم کے مقام سے امریکی ساختہ M4 کاربائن سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
اس واقعہ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے جموں و کشمیر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے بتایا کہ پولیس نے بدھ کی صبح جب تلاشی مہم شروع کی تو انہیں تین دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، جس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا اور کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے انکاؤنٹر میں سیکورٹی فورسز نے تمام دہشت گردوں کو مار گرایا۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ڈوڈا انکاؤنٹر کے حوالے سے معلومات شیئر کی ہیں۔ فوج نے اسے آپریشن لیگور کا نام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر بھدرواہ سیکٹر کے گندوہ میں بھارتی فوج اور جموں و کشمیر پولیس کا مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے
یاد رہے کہ9جون کو ریاسی ضلع میں دہشت گردوں نے ایک بڑا دہشت گردانہ حملہ کیا تھا۔ ریاسی میں شیوخوڑی دھام سے کٹرا جانے والی بس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ نو عقیدت مند ہلاک اور پچاس کے قریب زائرین زخمی ہوئے۔ اگلے دن دہشت گردوں نے سانبہ میں ایک گھر پر حملہ کیا۔ یہاں انکاؤنٹر میں دو پاکستانی دہشت گرد مارے گئے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔
11 جون کی دیر رات دہشت گردوں نے ڈوڈہ کی بھدرواہ تحصیل کے چھترگلاں میں ناکہ پارٹی پر حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے یکے بعد دیگرے فائرنگ کی۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے انکاؤنٹر شروع ہوا تاہم دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ اس حملے میں فوج کے پانچ جوان اور ایک ایس پی او (اسپیشل پولیس آفیسر) زخمی ہوئے۔
ڈوڈا ضلع میں 11 اور 12 جون کو دو دہشت گردانہ حملے ہوئے تھے۔ سیکورٹی فورسز نے جموں ڈویژن کے ڈوڈہ، ریاسی، پونچھ، راجوری اور کشتواڑ اضلاع میں مبینہ طور پر سرگرم تقریباً 70 غیر ملکی دہشت گردوں کے خلاف ایک جامع حکمت عملی تیار کی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو مبینہ طور پر کھانا اور پناہ دینے والے تین مقامی افراد کو گرفتار کر لیاگیاہے۔