راؤس ایونیو کورٹ نے بدھ کو دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو 3 دن کے لئے سی بی آئی ریمانڈ پر بھیج دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ سی بی آئی کو 29 جون کی شام 7 بجے سے پہلے کیجریوال کو عدالت میں پیش کرنا ہوگا۔اس سے پہلے بدھ کو سی بی آئی نے مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو گرفتار کیا تھا۔ سی بی آئی نے راؤس ایونیو کورٹ سے سی ایم کیجریوال کی 5 دن کی تحویل مانگی تھی۔تاہم کورٹ نے کیجریوال کو 3 دن کے لئے سی بی آئی ریمانڈ پر بھیج دیا
اس سے پہلے عدالت نے سی بی آئی کو وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو باضابطہ طور پر گرفتار کرنے کی اجازت دی تھی۔ خصوصی جج امیتابھ راؤت کے حکم کے بعد سی بی آئی نے کیجریوال کو گرفتار کر لیا۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے عدالت سے کیجریوال کو گرفتار کرنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔
یہ آمریت اور ایمرجنسی: سنیتا کیجریوال
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) لیڈر کو تہاڑ سینٹرل جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیجریوال دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں جیل میں ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اس معاملے کی جانچ کر رہا ہے۔
وہیں ، اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے ٹویٹ کیا اور کہا، “اروند کیجریوال کو 20 جون کو ضمانت ملی۔ لیکن فوری طور پر ای ڈی کو ہائی کورٹ سے اسٹے مل جاتاہے۔ پھر اگلے ہی دن سی بی آئی نے انہیں ملزم بنایا اور آج گرفتار کر لیا۔ پورا نظام اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ شخص جیل سے باہر نہ آئے۔ یہ قانون نہیں بلکہ آمریت ہے، ایمرجنسی ہے۔
سی ایم کیجریوال نے سپریم کورٹ میں عرضی واپس لے لی
سی بی آئی کی گرفتاری کے بعدوزیراعلیٰ کیجریوال نے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے والی عرضی واپس لے لی۔ جسٹس منوج مشرا اور جسٹس ایس وی این بھٹی کی تعطیلات والی بنچ نے کیجریوال کو اپنی عرضی واپس لینے کی اجازت دی۔ کیجریوال کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ابھیشیک سنگھوی نے بنچ کو بتایا کہ چونکہ ہائی کورٹ نے 25 جون کو تفصیلی حکم جاری کیا ہے، اس لیے وہ ٹھوس اپیل دائر کرنا چاہیں گے۔ سنگھوی نے بنچ کو بتایا کہ یہ پیش رفت ہر روز نئی شکل اختیار کر رہی ہے اور اب کیجریوال کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے گرفتار کر لیا ہے۔
ہائی کورٹ نے 25 جون کو دیے گئے اپنے حکم میں نچلی عدالت کے ضمانت کے حکم پر روک برقرار رکھی۔ ای ڈی کی طرف سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ انہوں نے کیجریوال کی عرضی کا جواب دیا ہے جسے ریکارڈ پر لیا جا سکتا ہے۔ بنچ نے دلائل سنے اور کیجریوال کو اپیل دائر کرنے کی اجازت دی۔
ای ڈی نے 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) لیڈر اروندکیجریوال کو 21 مارچ کو ای ڈی نے گرفتار کیا تھا اور راؤس ایونیو کی عدالت نے 20 جون کو انہیں باقاعدہ ضمانت دے دی تھی۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کی تحقیقات کا حکم دیا تھا، جس کے بعد اسے 2022 میں منسوخ کر دیا گیا تھا۔