نئی دہلی : ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ ہندوستان نے ٹیسٹ میچ میں ایک دن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ چنئی کے چیپاک اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہندوستان نے 4 وکٹوں پر 525 رنز بنائے۔ شیفالی ورما نے ڈبل سنچری بنائی جبکہ اسمرتی مندھانا 149 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹیں ۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے 292 رنز کی ریکارڈ شراکت داری کی۔
خواتین کی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ایک دن میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ انگلینڈ کے نام تھا۔ جس نے 1935 میں کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 2 وکٹوں پر 431 رنز بنائے تھے۔ 20 سالہ شفالی ورما نے صرف 194 گیندوں میں اپنی ڈبل سنچری مکمل کرکے سدرلینڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ آسٹریلیائی کھلاڑی نے رواں سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے خلاف 248 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔ شیفالی نے اپنا 5واں ٹیسٹ کھیلتے ہوئے اپنی جارحانہ اننگز میں 23 چوکے اور آٹھ چھکے لگائے۔ اس سے پہلے ٹیسٹ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 96 رنز تھا۔
شیفالی سابق ہندوستانی کپتان میتالی راج کے بعد تقریباً 22 سال کے طویل وقفے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والی دوسری ہندوستانی بنی ہیں ۔ میتالی نے اگست 2002 میں ٹائونٹن میں انگلینڈ کے خلاف ڈرا ہوئے دوسرے ٹیسٹ کے دوران 407 گیندوں میں 214 رنز بنائے تھے۔ دائیں ہاتھ کی بلے باز شیفالی نے ڈیلمی ٹکر کے خلاف لگاتار دو چھکے لگانے کے بعد ایک رن لے کر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔
اسمرتی مندھانا نے 149 رنز کی اپنی شاندار اننگز میں 27 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 312 گیندوں پر 292 رنز کی ریکارڈ شراکت داری کرکے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ جمائمہ روڈریگز نے 55 رنز بنائے۔ اسٹمپ کے وقت کپتان ہرمن پریت کور (42 ناٹ آؤٹ) اور ریچا گھوش (43 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھیں۔