صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد نریندر مودی کو حکومت بنانے کی دعوت دی۔ اس کے بعد راشٹرپتی بھون کے باہر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے نئی حکومت کا روڈ میپ شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کا لوک سبھا الیکشن امرت کال کا پہلا الیکشن ہے۔ مودی نے کہا کہ 2047 میں جب ملک آزادی کی 100ویں سالگرہ منائے گا، ہمارے پاس اپنی قراردادوں کو پورا کرنے کا سنہری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر این ڈی اے کو خدمت کا موقع دیا ہے جس کے لئے وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک نے جس رفتار سے ترقی کی ہے اس سے معاشرے کے ہر شعبے میں تبدیلیاں واضح طور پر نظر آرہی ہیں۔ 25 کروڑ لوگوں کا غربت سے باہر آنا ہر ہندوستانی کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ 18ویں لوک سبھا میں بھی اسی رفتار اور لگن کے ساتھ ہم ملک کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
کارگذار وزیر اعظم نے کہا کہ این ڈی اے کی میٹنگ میں تمام اتحادی جماعتوں نے مجھے لیڈر منتخب کیا ہے۔ تمام جماعتوں نے صدر جمہوریہ ہند کو اپنی حمایت سے واقف کروایا۔ صدر جمہوریہ ہند نے مجھے حکومت سازی کی دعوت دی ہے۔ مودی نے کہا کہ انہوں نے صدر جمہوریہ کو ۹ جون کی شام کو حلف برداری کی اطلاع دی ہے۔ حلف برداری کا تفصیلی پروگرام راشٹرپتی بھون سے جاری کیا جائے گا۔
ہندوستان وشوبندھو ہے، آنے والے پانچ سال بہت اہم ہیں: مودی
مودی نے کہا کہ ان کے دور اقتدار کے گذشتہ 10 سالوں میں ہندوستان دنیا کے لیے وشوبندھو بن کر ابھرا ہے۔ اب ہم اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا، ‘مجھے یقین ہے کہ آنے والے 5 سال عالمی ماحول میں بھی ہندوستان کے لیے بہت مفید ثابت ہونے والے ہیں۔
دنیا کئی بحرانوں، کئی تناؤ، آفات سے گزر رہی ہے۔ ہم ہندوستانی خوش قسمت ہیں کہ اتنے بڑے بحرانوں کے باوجود آج ہم دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ترقی کے حوالے سے دنیا میں ہماری تعریف بھی ہو رہی ہے۔