نئی دہلی : حکومت سازی کو لے کر چل رہے سسپنس کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے بڑا بیان دیا ہے۔ پہلی بار انہوں نے لوک سبھا انتخابات میں سیٹوں کی تعداد میں کمی پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم مودی نے کہا کہ جیت اور ہار سیاست کا حصہ ہے۔ نمبروں کا کھیل چلتا رہتا ہے، آپ ملک اور معاشرے کے لیے کام کرتے رہیں۔
حکومت کی آخری کابینہ میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کابینہ کے ساتھیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہیں یقین دلایا کہ 10 سال اچھے سے کام کیا ہے اور اسے آگے بڑھایا جائے گا۔ وزیروں کی کونسل کی میٹنگ میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں… ہماری حکومت نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ معیشت کو آگے لے جانے کے لیے کام کیا ہے۔ مستقبل میں بھی بہتر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ جیتے ہم ہیں، لیکن دوسرے اچھل رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم مودی نے کابینہ کے تمام ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
دھر نئی حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں آج شام 4 بجے این ڈی اے کی میٹنگ ہے۔ میٹنگ میں شرکت کے لیے دو ایسے لوگ دہلی پہنچ چکے ہیں، جن کے بغیر شاید ہی این ڈی اے کی حکومت بن پاتی۔ نتیش کمار اور چندرا بابو نائیڈو دہلی پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجیت پوار این ڈی اے کی میٹنگ میں شرکت نہیں کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے تمام 543 لوک سبھا سیٹوں کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو 292 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہے جبکہ انڈیا بلاک نے بھی تقریباً 234 نشستیں حاصل کی ہیں۔ وہیں دیگر جماعتوں کو مجموعی طور پر 17 سیٹیں ملی ہیں ۔