لوک سبھا میں حلف لینے کے بعد ’جئے فلسطین‘ کے نعرے کے خلاف احتجاج میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی کی دہلی کی رہائش گاہ پر کالی سیاہی پھینکے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے رکن پارلیمنٹ اویسی نے خود اس واقعہ کی جانکاری دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اویسی اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر سے باہر تھے اور جب وہ واپس آئے تو دیکھا کہ رہائش گاہ پر کالی سیاہی پھینکی گئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے دہلی پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔
دہلی پولیس ذرائع کے مطابق جمعرات کو تقریباً 9 بجے ایم پی اویسی کی رہائش گاہ کے نام کی پلیٹ کو سیاہ کر دیا گیا اور کچھ پوسٹر بھی لگائے گئے۔ یہ احتجاج اسدالد ین اویسی کے پارلیمنٹ میں دیے گئے بیان کو لے کر تھا۔ اسداویسی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ‘جئے فلسطین’ کہا تھا۔ اب اسی بیان کی مخالفت میں کچھ لوگوں نے اویسی کے نام کی پلیٹ کو کالا کر دیا ہے۔
واقعہ پراسدالدین اویسی نے کیا کہا؟
اویسی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آج کچھ نامعلوم شرپسندوں نے کالی سیاہی کے ساتھ میرے گھر میں توڑ پھوڑ کی۔ میں اب گنتی گنوا چکا ہوں کہ میری دہلی کی رہائش گاہ کو کتنی بار نشانہ بنایا گیا ہے۔ جب میں نے دہلی پولیس کے اہلکاروں سے پوچھا کہ یہ ان کی ناک کے نیچے کیسے ہو رہا ہے تو انہوں نے بے بسی کا اظہار کیا۔
انہوں نے وزیر داخلہ اور لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے کہا ہے کہ براہ کرم ہمیں بتائیں کہ ارکان پارلیمنٹ کی حفاظت کی ضمانت دی جائے گی یا نہیں۔ جہاں تک ان دو غنڈوں کا تعلق ہے جو میرے گھر کو نشانہ بناتے رہتے ہیں، اس سے مجھے کوئی ڈر نہیں لگتا۔ کچھ سیاہی پھینکنے یا کچھ پتھر پھینکنے کے بعد نہ بھاگیں۔
دہلی پولیس تفتیش میں مصروف
بتایا جا رہا ہے کہ پولیس کو اس واقعہ سے متعلق کوئی پی سی آر کال موصول نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی تحریری شکایت دی گئی ہے۔ واقعہ چونکہ حساس علاقہ کا ہے اس لئے پولیس اس پورے معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے تاکہ یہ حملہ میں ملوث افراد کی شناخت ہو سکے۔
وارث پٹھان نے کہا۔ 5ویں بار متنخب رکن پارلیمنٹ بھی محفوظ نہیں
کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے لیڈر وارث پٹھان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر کچھ غنڈوں نے اویسی جی کے دہلی والے گھر پر کالی سیاہی اور پتھر پھینکے ہے۔
جب ملک کی راجدھانی دہلی میں 5 بار کا رکن پارلیمنٹ محفوظ نہیں ہے تو پھر ملک کا عام شہری کیسے محفوظ رہے گا؟ ہم چاہتے ہیں کہ جن غنڈوں نے اس بزدلانہ حرکت کا ارتکاب کیا ہے انہیں فی الفور گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔