مودی حکومت اپنی تیسری پاری کے لئے حلف لینے کے لیے تیار ہے۔ نریندر مودی، آج تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔ اس بار حلف برداری کئی لحاظ سے خاص ہوگی کیونکہ اس میں نہ صرف پڑوسی ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کریں گے بلکہ معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے اہم لوگوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ راشٹرپتی بھون کا صحن تیسری بار وزیر اعظم مودی کی حلف برداری کا مشاہدہ کرے گا۔ اس کے ساتھ مودی مسلسل تین بار وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے کے پنڈت نہرو کے ریکارڈ کی برابری کر لیں گے۔ دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا ہے۔ اس تقریب کے لیے غیر ملکی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
اب تک کن کن ممالک کے سربراہان نئی دہلی پہنچ چکے ہیں۔
غیر ملکی رہنماؤں کی فہرست میں پہلا نام بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کا ہے۔ وہ 8 جون کو یعنی کل ہی دہلی آئی تھیں۔
سیشلس کے نائب صدر احمد عفیف بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ہفتہ کو ہندوستان آئے ہیں
جمہوریہ مالدیپ کے صدر محمد معزو آج ہندوستان کے نامزد وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے دہلی پہنچے۔
یہ رہنما بھی آج پہنچیں گے:
سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے، نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل پراچندا، بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ توگبے بھی آج ہندوستان پہنچیں گے۔
نریندر مودی ، آج مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ پہنچے اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔راج گھاٹ کے بعد نریندر مودی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی سمادی ‘سدایو اٹل’ بھی پہنچے اور سابق وزیر اعظم کے تئیں اپنے احترام کا اظہار کیا۔ اس بعد وزیر اعظم نریندر مودی نئی دہلی میں وار میموریل پہنچے اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نریندر مودی کی تقریب حلف برداری کے مہمان خصوصی صفائی کارکن، مزدور، خواجہ سرا، مرکزی حکومت کی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والے ’استفادہ کنندگان‘ اور ’وکست بھارت‘ (ترقی یافتہ ہندوستان) کے ایمبیسڈر بھی شرکت کریں گے۔ آج شام 7.15 بجے نریندر مودی تقریباً 8000 مہمانان کی موجودگی میں تیسری معیاد کے لیے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیں گے۔ تقریب حلف برداری میں درجنوں ممالک کے سفیر اور ہائی کمشنرز بھی شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ صنعت اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ تقریب کے لیے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمام مہمانوں اور پنڈال کو تین لیئر کے حفاظتی حصار میں رکھا جائے گا۔ جمعرات سے راشٹرپتی بھون کے آس پاس کے علاقے میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ سنٹرل ریلوے کے ذریعے دی گئی معلومات کے مطابق ایشیا کی پہلی لوکو پائلٹ سریکھا یادو بھی نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گی۔