نئی دہلی : NEET پیپر لیک معاملے میں سی بی آئی نے بڑی کارروائی کی ہے۔ مرکزی جانچ ایجنسی نے مزید دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مرکزی جانچ ایجنسی نے پرنسپل احسان الحق اور وائس پرنسپل امتیاز کو گرفتار کیا ہے۔ ان دونوں سے پہلے سے ہی پوچھ گچھ کی جا رہی تھی۔ بتادیں کہ اس ہائی پروفائل معاملے میں جانچ ایجنسی کی طرف سے مسلسل کارروائی کی جا رہی ہے ، تاکہ NEET پیپر لیک معاملے کے اہم ملزمین کے ساتھ ساتھ اس پورے ریکیٹ کا پردہ فاش کیا جا سکے۔ بتا دیں کہ NEET پیپر لیک کا معاملہ پارلیمنٹ تک بھی پہنچ گیا ہے۔ جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں نے اس معاملے پر ہنگامہ کیا۔ اس کی وجہ سے لوک سبھا کے ساتھ راجیہ سبھا کی کارروائی کو بھی ملتوی کرنی پڑی۔
NEET پیپر لیک معاملے میں سی بی آئی کی تحقیقات زور پکڑ رہی ہے۔ سی بی آئی کو اب ملزم چنٹو اور مکیش سے بہت امیدیں ہیں۔ جانچ ایجنسی کو لگتا ہے کہ پیپر لیک کے حوالے سے ان دونوں کے سینے میں کئی راز دفن ہیں۔ ایک بار جب یہ بات سامنے آجائے تو معاملے کی تہہ تک پہنچنا آسان ہو سکتا ہے۔ سی بی آئی نے دونوں ملزمین کے ساتھ کئی جگہوں کا معائنہ بھی کیا ہے۔ اسی دوران تفتیشی ٹیم دوسرے ملزم راکی کی تلاش میں کنکرباغ لرن اینڈ پلے اسکول بھی پہنچ گئی۔ اس معاملے میں اویسس اسکول کے پرنسپل کو بھی پٹنہ لایا جائے گا۔
اس سلسلے میں مرکزی جانچ ایجنسی کی ٹیم نے ریمانڈ پر لئے گئے چنٹو اور مکیش کی نشاندہی پر ثبوتوں کی تلاش میں جمعہ کے روز کنکر باغ میں واقع راکی کے ٹھکانے اور کھیمنیچک کے لرن اینڈ پلے اسکول کا بھی معائنہ کیا ۔ ان دونوں جگہوں پر کچھ لوگوں سے معلومات بھی لی گئیں۔ اس معائنہ کے دوران چنٹو اور مکیش بھی سی بی آئی ٹیم کے ساتھ موقع پر موجود تھے۔
ریمانڈ پر لیے گئے چنٹو اور مکیش سے پوچھ گچھ کے بعد جمعہ کی صبح تقریباً 11 بجے سی بی آئی افسران کی ایک ٹیم ان دونوں کے ساتھ کنکر باغ میں راکی کے ٹھکانے پر پہنچی۔ بتا دیں کہ دیوگھر سے چنٹو کی گرفتاری کے بعد راکی انڈر گراؤنڈ ہو گیا تھا۔