پریاگ راج: مافیا عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کے قتل کے بعد بھی یوگی حکومت کی ان اہل خانہ کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ اب تک بلڈوزر ایکشن کے ساتھ مافیا عتیق احمد اور اشرف کی کئی بے نامی اور مجرمانہ طور پر حاصل کی گئی جائیدادوں پر ضبطی کی کارروائی بھی کی جا چکی ہے۔اسی سلسلے میں جمعرات کو اشرف کی مفرور بیوی زینب فاطمہ کے کروڑوں مالیت کے پرتعیش گھر کو پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے زمین بوس کر دیا۔
علاقہ پورمفتی کے اکبر پور سلہ پور میں یوپی سنی سنٹرل وقف بورڈ کی زمین پر بنائے گئے اس مبینہ طورپر غیر قانونی مکان پر بلڈوزر چلا دیا گیا۔ پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے جمعرات کو دوپہر 12 بجے انہدام کا عمل شروع کیا۔ منہدم ہونے والے مکان کی مالیت تقریباً 5 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ وقف بورڈ کی اراضی پر بنائے گئے اس غیر قانونی مکان کو گرانے کے سلسلے میں پی ڈی اے نے پہلے ہی اپنی تحقیقات اور قانونی کارروائی مکمل کر لی تھی۔ پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی پہلے ہی انہدام کا نوٹس جاری کر چکی تھی۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اشرف نے 50 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی وقف املاک پر قبضہ کر لیا اور اپنی اہلیہ زینب کے لیے ایک پرتعیش حویلی بنائی۔ جب اسے گرانے کا حکم دیا گیا تو انتظامیہ نے 5 کروڑ روپے مالیت کی زینب کی حویلی کو گرا دیا۔ بلڈوزر کارروائی کے دوران اے سی پی دھومان گنج ورون کمار کی قیادت میں دو اے سی پی، پورمفتی، دھومان گنج اور ایرپورٹ پولیس اسٹیشنوں کے دستے موقع پر موجود تھے۔
اندازکے مطابق تقریباً 7 بیگھہ اراضی پر اشرف کی اہلیہ زینب فاطمہ اور ان کے بھائیوں زید اور صدام کا قبضہ تھا۔ 50 کروڑ روپے سے زیادہ کی وقف بورڈ کی اراضی پر قبضہ کرنے کے خلاف 23 نومبر کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ جس کے بعد اس مکان کو 3 دسمبر 23 کو دھومن گنج پولیس اسٹیشن نے گینگسٹر ایکٹ کے تحت نشاندہی کرتے ہوئے اس کو کر ضبط کر لیا تھا۔
یادرہے کہ 24 فروری 2023 کو پولیس نے زینب فاطمہ کو ایڈووکیٹ امیش پال اور دو سرکاری بندوق برداروں پر فائرنگ کیس میں بھی ملزم بنایا تھا۔ پولیس کمشنر رمت شرما نے مفرور قرار دی جانے والی زینب فاطمہ پر 25 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔ فرار ہونے سے قبل زینب فاطمہ اسی گھر میں رہتی تھیں۔