ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو ہندوستان کی محبت ہو گئی ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں کئی چیزوں کیلئے ہندوستان تعریف کرنے والے اس لیڈر نے اب ہندوستانی عدلیہ کی تعریف کی ہے۔ اپنے ایک کیس کی سماعت کے دوران انہوں نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا حوالہ دے کر ہندوستانی عدالتی نظام کی تعریف کی۔
موجودہ وقت میں جیل میں بند عمران خان نے اپنی ضمانت کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان کے پانچ رکنی بینچ کے سامنے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک میں عدلیہ ہے جو انتخابی مہم کے لیے جیل میں بند وزیر اعلیٰ کو ضمانت پر رہا کر دیتی ہے۔ انہوں نے بنچ کو بتایا کہ اپریل 2022 میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد سے انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ اس پر ایک جج نے ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک بڑی پارٹی کے لیڈر ہیں جس کو کروڑوں لوگ سپورٹ کرتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں پانچ دن میں سزا سنا دی گئی، جو انہیں عام انتخابات سے دور رکھنے کی سوچی سمجھی سازش تھی۔ عمران خان نے ذکر کیا کہ ہندوستان میں عام انتخابات کے دوران دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو سپریم کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا تھا تاکہ وہ اپنی پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلا سکیں، لیکن انہیں (خان) کو پاکستان میں مظالم کا سامنا ہے جہاں غیر اعلانیہ مارشل لا لگا ہوا ہے۔
بتادیں کہ اس سے پہلے عمران کئی بار وزیراعظم مودی اور ان کی پالیسیوں کی تعریف کر چکے ہیں۔ نومبر 2022 میں انہوں نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی کی تعریف کی تھی اور کہا تھا کہ ہندوستان اپنے قومی مفاد کو سب سے اوپر رکھتا ہے۔ وہ مغربی طاقتوں کی پرواہ کئے بغیر روس سے تیل درآمد کر رہا ہے۔