سکما: چھتیس گڑھ کے سکما علاقے میں نکسلیوں نے ایک بار پھر بڑا حملہ کیاہے۔ سلگر علاقے میں نکسلیوں کی طرف سے آئی ای ڈی دھماکے کی خبر ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو فوجی شہید ہو گئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق نکسلیوں نے فوجیوں کی نقل و حرکت کے درمیان آئی ای ڈی کو دھماکے سے اڑا دیا۔ نکسلیوں نے ٹرک کو نشانہ بنانے کے لیے آئی ای ڈی نصب کی تھی۔ فی الحال فوجیوں نے علاقے میں تلاشی مہم تیز کردی ہے۔
سلگر سے پوروتی جانے والی سڑک پر نکسلیوں نے آئی ای ڈی کا دھماکہ کیا۔ کئی فوجی دھماکے کی زد میں آ گئے۔ 2 زخمی فوجی دوران علاج شہید ہوگئے ہیں۔ فی الحال باقی زخمی فوجیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے اے ایس پی آکاش راؤ نے بتایا کہ سکما ضلع کے جھگرگنڈہ علاقے میں کیمپ سلج اور ٹیکرگڈم کے درمیان تیما پور کے قریب اتوار کی دوپہر نکسلیوں نے سیکورٹی کے کام میں لگی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ای ڈی دھماکہ ہوا ہے۔ اس دوران گاڑی میں موجود 201 کوبرا بٹالین کے ڈرائیور وشنو اور کانسٹیبل شیلیندر شہید ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سی آر پی ایف اور کوبرا بٹالین کی ٹیمیں فوراً پہنچ گئیں۔ دونوں شہید فوجیوں کی لاشیں جائے وقوعہ سے نکال لی گئی ہیں۔ فی الحال علاقے میں تلاش جاری ہے۔
نکسلیوں نے جعلی نوٹ چھاپے، پولیس نے انہیں ضبط کر لیا۔
دوسری طرف چھتیس گڑھ میں پہلی بار پولیس نے نکسلیوں کے چھاپے ہوئے جعلی نوٹ ضبط کئے۔ پہلی بار، سیکورٹی فورسز نے چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں نکسلیوں کے جعلی نوٹوں اور ان کی چھپائی کے لیے استعمال ہونے والے آلات کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔پولیس کے مطابق، نکسلی طویل عرصے سے بستر علاقے کے اندرونی علاقوں کے ہفتہ وار بازاروں میں جعلی نوٹوں کا استعمال کر رہے تھے اور معصوم قبائلیوں کو دھوکہ دے رہے تھے۔
سکما کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کرن جی چوان نے دعویٰ کیا کہ نکسلائٹ اس اقدام سے ہندوستانی معیشت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی سنیچر کی شام کو ضلع کے کوراج گوڈا گاؤں کے قریب ایک جنگلاتی پہاڑی سے کی گئی، جب مختلف فورسز کے سیکورٹی اہلکاروں کی ایک مشترکہ ٹیم تلاشی مہم پر نکل رہی تھی۔ جعلی ٹونوں کی ضبطی کو نکسل مخالف آپریشن میں ایک اہم کامیابی بتاتے ہوئے چوہان نے کہا کہ پہلی بار ریاست میں نکسلیوں کے جعلی نوٹ برآمد ہوئے ہیں، جو تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اس مسئلے سے دوچار ہیں۔