دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صبح سویرے ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ ایک شخص ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔ شدید بارش کے دوران ٹرمینل 1 کی چھت کا ایک حصہ گر گیا۔ ایئرپورٹ کی چھت گرنے سے کئی گاڑیاں اس کے نیچے دب گئیں۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ صبح 5.30 بجے پیش آیا۔ ایئرپورٹ کی چھت گرنے سے کئی گاڑیاں اس کے نیچے دب گئیں۔ اس حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی۔ جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو بچا کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کا علاج جاری ہے۔ حادثے کے بعد ڈومیسٹک ایرپورٹ ٹرمینل کے باہر ٹریفک جام ہوگیا ہے۔ دور دور تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ فی الحال پولیس اس بات کی تحقیقات میں مصروف ہے کہ ٹرمینل کی چھت کیسے گری؟۔
دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے ترجمان نے کہا، ‘فی الحال ٹرمینل1 سے اڑان بھرنے والی تمام پروازوں کو منسوخ کردیاگیاہے۔ چیک اِن کاؤنٹرز بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ اب سے کچھ دیر تک یہاں سے کوئی چیک اِن یا روانگی نہیں ہوگی۔ اس کے لیے دوسرے ٹرمینل پر جانا پڑے گا۔ یہ فیصلہ سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
حادثے کی کچھ تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں۔ ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے کے بعد گاڑیوں کی کیا حالت ہے۔ چھت گرنے سے جو گاڑیاں دب گئیں ان میں زیادہ تر ٹیکسیاں تھیں۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کتنی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
دہلی فائر سروس کے ایک اہلکار نے بتایا، ‘‘صبح تقریباً 5.30 بجے، ہمیں دہلی ایئرپورٹ کے ٹرمینل1 پر چھت گرنے کی اطلاع ملی۔ فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں۔ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی ہے۔ اسی دوران 8 افراد زخمی ہوئے۔ سب سے پہلے انہیں وہاں سے بحفاظت باہر نکالا گیا۔ ا نہیں اسپتال بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد وہ تمام گاڑیاں جو دبی ہوئی تھیں وہاں سے سائیڈ پر منتقل کر دی گئیں۔ ریسکیو ابھی بھی جاری ہے۔ اس حادثے میں کئی گاڑیاں چھت کے ملبہ کی زد میں آگئی ہیں۔