ممبئی کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ یہی نہیں ریل خدمات بھی متاثر ہوئی ہے۔ کئی روٹس پر ٹرینیں روک دی گئیں۔ اتناہی نہیں بعض علاقوں میں اسکول، کالج اور دفاتر کو بھی بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
کل کی موسلادھار بارش کی وجہ سے ممبئی کے کچھ علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ دادر میں صورتحال مزید سنگین ہوتی جارہی ہے۔ سڑکوں اور ریلوے لائن پر پانی جمع ہوگیاہے۔ صورتحال اتنی خراب ہے کہ سڑک پر چلنے والی کاریں بھی پانی میں آدھی ڈوبی ہوئی ہیں۔ ریلوے ٹریک پر بھی پانی جمع ہونے سے ٹرین خدمات کو معطل کردیاگیاہے۔
ممبئی کے مختلف مقامات پر گذشتہ رات 1 بجے سے صبح 7 بجے تک 6 گھنٹوں میں 300 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے کچھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ لوکل ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے۔ آج بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
یلو الرٹ جاری کر دیا گیا۔
پونے، ناسک، اور ستارا، کولہاپور اضلاع میں بھی بھاری بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ چھترپتی سمبھاج نگر، جالنا، لاتور، دھاراشیو اور ناندیڑ اضلاع میں مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ طوفان کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ جلگاؤں، دھولے اور سولاپور اضلاع میں گرج چمک اور طوفان کی وارننگ دی گئی ہے۔ جبکہ رائے گڑھ، تھانے، رتناگیری اور سندھو درگ اضلاع میں مختلف مقامات پر موسلادھار بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ممبئی کے ساتھ ہی تھانے، پالگھر، رائے گڑھ اور رتناگیری اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
طلباء کو تکلیف سے بچنے کے لیے ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ممبئی (بی ایم سی ایریا) کے تمام بی ایم سی، سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں میں پہلے سیشن کے لیے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ یہ بھی کہا کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ سیشن کے لیے فیصلہ کیا جائے گا۔
ریلوے کے سی پی آر او کا کہنا ہے کہ سیون، بھنڈوپ اور ناہور اسٹیشنوں کے درمیان ٹرین خدمات متاثر ہیں۔ پٹری پانی میں ڈوب گئی، اس لیے ٹرینوں کو تقریباً ایک گھنٹے تک روکا گیا۔ پانی تھوڑا سا کم ہونے کے بعد ٹرینیں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔ لیکن ٹرین خدمات اب بھی متاثر ہیں۔
دریں اثنا، سنٹرل ریلوے نے کہا کہ ممبئی مضافاتی اور ہاربر لائنوں پر شدید بارش کے بعد پانی بھر جانے کی وجہ سے ریل خدمات متاثر ہوئی ہیں اور کئی ٹرینیں مقررہ وقت سے کافی تاخیر سے چل رہی ہے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس، کرلا وکھرولی اور بھنڈوپ اسٹیشن سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
یہ ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔ممبئی ڈویژن کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر پانی بھر جانے کی وجہ سے آج مندرجہ ذیل ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
1- 12110 (MMR-CSMT)
2- 11010 (پونے-CSMT)
3- 12124 (پونے CSMT دکن)
4- 11007 (پونے-CSMT دکن)
5- 12127 (CSMT- پونے انٹرسٹی ایکسپریس)