نئی دہلی : جمعہ کو دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں موسلادھار بارش نے جم کر قہر ڈھایا تھا ۔ بارش سے متعلقہ واقعات میں کئی افراد کی جانیں تلف ہوگئی تھیں ۔ دہلی حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے معاوضے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اب ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ایک بار پھر دہلی این سی آر میں بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بتادیں کہ 28 جون 2024 کو 88 سال بعد بادل اتنے جھوم کر برسے تھے ۔ آئی ایم ڈی کے تازہ الرٹ کے بعد نہ صرف انتظامیہ بلکہ عام لوگوں کے لیے بھی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیر اور منگل کو دارالحکومت میں بادل چھائے رہنے اور بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں اتوار کو 9 ملی میٹر بارش ہوئی، جب کہ شام 5.30 بجے نمی کی سطح 60 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو پسینے سے شرابور گرمی کا سامنا کرنا پڑا۔
قومی دارالحکومت میں اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کچھ دن پہلے دہلی میں 228.1 ملی میٹر بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے شہر میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا تھا اور کئی لوگوں کی جانیں بھی تلف ہوگئی تھیں ۔
AQI میں بہتری
ادھر مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ نے کہا کہ دہلی میں اتوار کی شام 6 بجے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 118 ریکارڈ کیا گیا، جو درمیانے درجے میں آتا ہے۔ صفر اور 50 کے درمیان اے کیو آئی ‘اچھا’ ، 51 سے 100 ‘اطمینان بخش’ ، 101 سے 200 ‘معتدل’ ، 201 سے 300 ‘خراب’ ، 301 سے 400 ‘بہت خراب’ اور 401 سے 500 ‘سنگین’ مانا جاتا ہے۔
10 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان
ادھر دہلی حکومت جمعہ کو شہر میں شدید بارش کی وجہ سے ڈوبنے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کا معاوضہ دے گی۔ محکمہ ریونیو کے ساتھ ایک سرکاری مواصلت میں وزیر آتشی نے کہا کہ 28 جون کو زیادہ بارش کے بعد ڈوبنے سے کئی اموات کی اطلاع ملی ہے۔ آتشی مارلینا نے حکم میں کہا کہ یہ ہدایت دی گئی ہے کہ مرنے والوں کے خاندانوں کو 10 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا ۔