گونڈہ: اترپردیش کے گونڈہ ضلع میں چنڈی گڑھ سے ڈبرو گڑھ جارہی چنڈی گڑھ - ڈبرو گڑھ ہفتہ وار ایکسپریس کے 8 ڈبے گونڈہ - گورکھپور ریلوے سیکشن پر موتی گنج اور جھلاہی ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان جمعرات کو پٹری سے اتر گئے۔ اس واقعے میں تین مسافروں کی موت ہو گئی اور 32 دیگر زخمی ہو گئے۔ افسران نے یہ معلومات فراہم کیں۔ اب اس حادثے کے حوالے سے نئی معلومات سامنے آ رہی ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق جس ٹریک پر حادثہ پیش آیا اس کی مرمت کا کام ایک روز پہلے ہی پورا ہوا تھا ۔ اس کی وجہ سے اس ٹریک پر چلنے والی سبھی ٹرینوں کو احتیاطی نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں انہیں دھیمی رفتاری سے گزرنے کیلئے کہا گیا تھا۔
وہیں گورکھپور کے ڈی آر او پنکج سنگھ نے کہا ہے کہ ڈاؤن لائن کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ سبھی 8 کوچز کو ٹریک سے ہٹا کر میدان میں رکھا گیا ہے۔ بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور 800 سے زائد کارکنان وہاں مصروف ہیں جو مسلسل کام کر رہے ہیں۔ 4 پوکلین، 4 جے سی بی، ہائیڈرا اور دیگر کئی مشینیں موقع پر تعینات کی گئی ہیں ۔ ٹی آر ڈی کا کام کیا جا رہا ہے۔ اپ لائن کو بہت جلد فٹ قرار دے دیا جائے گا اور نارمل ٹرین آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم اپنے طے کردہ وقت پر 12 بجے تک TRD کو فٹ کر کے لائن پر ٹرینوں کو چلانا شروع کر دیں گے۔ جس کے بعد ڈاؤن لائن کا کام بھی جلد از جلد شروع کر دیا جائے گا۔ اموات کے حتمی اعداد و شمار کے مطابق 3 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ 5 افراد شدید زخمی، 7 افراد معمولی زخمی ہیں۔
مرنے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ جو لوگ شدید زخمی ہیں انہیں ڈھائی لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ معمولی زخمی ہونے والے مسافروں کو 50,000 روپے بطور معاوضہ دیا جائے گا۔