نئی دہلی : اترپردیش میں سیاسی ہلچل کے درمیان بڑی خبر سامنے آرہی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ بدھ کی دوپہر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملنے پہنچے۔ دونوں کے درمیان کیا بات چیت ہوگی، اس بارے میں کوئی معلومات شیئر نہیں کی گئی ہے۔ قبل ازیں یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے بی جے پی صدر جے پی نڈا سے تقریباً ایک گھنٹے تک ملاقات کی تھی۔ جیسے ہی میٹنگ ختم ہوئی، جے پی نڈا نے یوپی بی جے پی کے صدر بھوپیندر چودھری کے ساتھ بھی میٹنگ کی۔ وہیں بدھ کو بھوپیندر چودھری نے وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔
ادھر یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اگلے ضمنی انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے۔ انہوں نے بدھ کی صبح پارٹی رہنماؤں اور وزراء کے ساتھ میٹنگ کی۔ تاہم اس میٹنگ میں دونوں نائب وزرائے اعلی موجود نہیں تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے اپنی سپر 30 ٹیم بنا لی ہے، جو آئندہ انتخابات میں پارٹی کی جیت کی راہ ہموار کرے گی۔ یہاں ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت یوپی میں کوئی تبدیلی نہیں کرنا چاہتی۔ قیادت نے ریاستی قائدین سے کہا ہے کہ وہ متحد رہیں اور انتخابات کی تیاری شروع کردیں۔
جب کیشو موریہ نے کہا…
سیاسی حلقوں میں لیڈروں کے درمیان رسہ کشی کی افواہیں اس وقت شروع ہوئیں جب کیشو پرساد موریہ نے گزشتہ ایک ماہ میں آدتیہ ناتھ کی زیر صدارت کئی کابینہ میٹنگوں میں شرکت نہیں کی۔ موریہ نے یہاں تک کہا کہ ’’کوئی حکومت تنظیم سے بڑی نہیں ہے۔ تنظیم سے بڑا کوئی نہیں ہے ہمیں اپنے کارکنوں پر فخر ہے۔‘‘ تاہم ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے یوپی میں کسی بھی قسم کی سیاسی تبدیلی سے انکار کر دیا ہے۔
وزیراعظم مودی بی جے پی ہیڈکوارٹر جائیں گے
اسی دوران ایک اور خبر سامنے آ رہی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو بی جے پی ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے۔ وہاں وہ کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم انتخابات میں کام کرنے والے سبھی کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ اس سے بات چیت کریں گے۔