ممبئی : مہاراشٹر میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں جس طرح کانگریس، شرد پوار کی این سی پی اور ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا کا دبدبہ رہا، اس سے صاف ہے کہ اسمبلی انتخابات میں بھی مقابلہ سخت ہوگا۔ سیاسی تجزیہ نگار طرح طرح کی پیشین گوئیاں کر رہے ہیں۔ دریں اثنا مہاراشٹر کی سیاست کا چانکیہ کہے جانے والے شرد پوار نے بتایا کہ کس کو کتنی سیٹیں ملنے والی ہیں۔
شرد پوار نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی اتحاد سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں 288 میں سے 225 سیٹیں جیتے گا۔ پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس کے پیچھے کا حساب کتاب بھی بتایا ۔ شرد پوار نے کہا کہ اپوزیشن نے 2019 میں مہاراشٹر میں لوک سبھا کی 48 میں سے صرف چھ سیٹیں جیتی تھیں، لیکن 2024 میں یہ تعداد بڑھ کر 31 ہوگئی۔ مہاراشٹر غلط ہاتھوں میں ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں لوگوں نے ایسے نتائج دیے ہیں جو تبدیلی کا اشارہ دے رہے ہیں۔ تصویر یہ ہے کہ اپوزیشن اسمبلی انتخابات میں کم از کم 225 سیٹیں جیتے گی۔
خیال رہے کہ مہاراشٹر میں بی جے پی ، ایکناتھ شندے گروپ کی قیادت والی شیوسینا اور اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی اقتدار میں ہے۔ لیکن لوک سبھا انتخابات کے نتائج کو دیکھ کر مہاوکاس اگھاڑی کافی پرجوش دکھائی دے رہی ہے۔ ایم وی اے نے 2024 کے انتخابات میں ریاست کی 48 لوک سبھا سیٹوں میں سے 30 پر کامیابی حاصل کی ہے۔
کل ہوگا اصل امتحان
اسمبلی انتخابات سے پہلے جمعہ کو اقتدار کا سیمی فائنل ہونا ہے۔ مہاراشٹر میں ایم ایل سی کی 11 سیٹوں پر انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ ان میں سے 10 سیٹوں پر جیت آسان ہے، لیکن 11 ویں سیٹ پر پیچ پھنس گیا ہے، کیونکہ 12 ویں امیدوار کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ یہ یقینی ہے کہ ایم ایل اے کی جوڑ توڑ ہوگی۔ کچھ اپنے ضمیر کی آواز سن کر فیصلے بھی کریں گے۔ اس لیے اس میں جو بھی گروپ جیتے گا، وہ نئی توانائی کے ساتھ اسمبلی انتخابات میں اترے گا۔