پٹنہ : بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے پولیٹیکل اسٹریٹجسٹ اور جن سورج کے بانی پرشانت کشور نے اپنی سیاسی پارٹی کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ پی کے کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی 2 اکتوبر کو مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر لانچ کی جائے گی۔ پورے بہار میں دو سال کے سیاسی سفر کے بعد اب وہ اپنی سیاسی پارٹی بنائیں گے اور وہ بہار کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں 243 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔ کشور نے کہا کہ وہ 21 لیڈروں کی ایک کمیٹی بھی بنائیں گے جو پارٹی کے ان معاملات کو دیکھے گی۔
2021 میں ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس کو شاندار جیت دلانے کے بعد پرشانت کشور نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب پولیٹیکل اسٹریٹجسٹ کے طور پر کام نہیں کریں گے۔ انہوں نے 2 اکتوبر 2022 کو سیاست میں باضابطہ طور پر شامل ہونے سے پہلے بہار بھر میں یاترا نکالنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
پی کے کے نام سے مشہور پرشانت کشور نے جن سورج کی بنیاد رکھی۔ اپنے یاترا کا آغاز مغربی چمپارن سے کیا۔ انہوں نے 5000 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کا دعویٰ کیا۔ اس دوران انہوں نے 14 اضلاع کا پیدل اور 10 اضلاع کار کے ذریعے طے کیا۔
پرشانت کشور نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں بہار کی سبھی 243 سیٹوں پر اپنے طور پر امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مسلم اور نچلے طبقے کے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر ووٹ نہ دیں بلکہ اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے پیش نظر ووٹ کریں۔