ممبئی: مایا نگری میں سامنے آئے ورلی بی ایم ڈبلیو ہٹ اینڈ رن کیس میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ ممبئی پولیس نے ملزم شیوسینا لیڈر کے بیٹے مہر شاہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ مہر کو تھانے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ مہر شاہ کے ساتھ ان کی والدہ اور دو بہنوں سمیت کئی دیگر رشتہ داروں کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ الزام ہے کہ ان رشتہ داروں نے مہر شاہ کو جائے واقعہ سے فرار ہونے میں مدد کی تھی۔
یہ واقعہ اتوار کی رات دیر گئے سامنے آیا تھا۔ ورلی کے علاقے میں ایک تیز رفتار بی ایم ڈبلیو کار نے اسکوٹر پر جا رہے میاں بیوی کو کچل دیا تھا۔ اس حادثے میں خاتون کی موت ہو گئی، جبکہ اسکوٹر چلانے والا شخص بھی بری طرح زخمی ہو گیا تھا۔ ملزم مہر شاہ سڑک پر قہر ڈھانے کے بعد فرار ہو گیا۔ 24 سالہ مہر ممبئی سے متصل پالگھر ضلع کے شیو سینا (شندے گروپ ) کے لیڈر راجیش شاہ کا بیٹا ہے۔
سی این این نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق مہر کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعے سے کچھ پہلے کا ہے۔ اس میں مہر اتوار کی صبح ایک بار کے باہر کچھ دوستوں کے ساتھ اپنی BMW کار میں بیٹھے نظر آ رہا ہے ۔ کچھ دیر بعد اس نے اسکوٹر کو ٹکر ماردی۔
نیوز 18 کو جوہو میں گلوبل تاپس بار کا بل بھی ملا، جو ملزم مہر اور اس کے دوستوں کا بتایا جارہا ہے۔ اس نے اس بار میں تقریباً 18,730 روپے کی شراب پی تھی ۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ رات تقریباً 1:40 بجے بل ادا کرنے کے بعد وہ بار سے چلے گئے ۔