نئی دہلی : کراؤڈ اسٹرائیک کی خرابی کی وجہ سے مائیکروسافٹ ونڈوز کمپیوٹر صارفین کو پوری دنیا میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس پریشانی کی وجہ سے پوری دنیا میں فلائٹ سروس تھم گئی ہے۔ اس کے علاوہ بینکوں اور اسٹاک مارکیٹوں کا کام کاج بھی متاثر ہو رہا ہے۔ کراؤڈ اسٹرائیک کے ایک اپ ڈیٹ کے بعد پریشانیاں شروع ہوگئیں۔ CrowdStrike نے غلطی کو تسلیم کیا ہے اور کہا ہے کہ ہمارے انجینئر اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں اور سپورٹ ٹکٹ اوپن کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ جیسے ہی مسئلہ حل ہوگا، وہ اس کے بارے میں آگاہ کردیں گے۔
CrowdStrike ونڈوز پی سی کے لیے سائبر سیکورٹی کے ایڈوانسڈ سالیوشن فراہم کرتا ہے۔ مختلف رپورٹس کے مطابق آوٹیج کی وجہ ان کی اہم پروڈکٹ Falcon ہے۔ اس میں تکنیکی خرابی ہے۔ یہ ونڈوز سسٹم کو محفوظ بنانے کے لیے ایک بڑا پروٹیکشن سسٹم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں صارفین کو آوٹیج کا سامنا ہے۔
اگر ہم CrowdStrike کے بارے میں تھوڑا اور تفصیل سے سمجھیں ، تو یہ ایک سائبر سیکورٹی کمپنی ہے جو کلاؤڈ بیسڈ اینڈ پوائنٹ پروٹیکشن سالیوشنز فراہم کرتی ہے۔ ان کا مرکزی پروڈکٹ Falcon ہے، جو نیٹ ورک اور اینڈ پوائنٹ پر مالیشیش فائلز اور بیہیویئر کا پتہ لگانے اور اس کو روکنے کے لیے AI ٹیکنالوجی کا استعمال کرتا ہے۔ فالکن اینڈ پوائنٹ سیکورٹی کرسکتا ہے چاہے وہ آن لائن ہوں یا آف لائن۔ CrowdStrike کا دعویٰ ہے کہ کمپنی کی یہ ٹیکنالوجی آپ کے آرگنائزیشن یا پرسنل ڈیوائس کو متاثر کرنے سے پہلے 99 فیصد میلویئر خطرات کا پتہ لگا سکتی ہے ۔
آوٹیج کی وجہ سے آسٹریلیا، جاپان، ہندوستان اور دیگر ممالک میں کاروبار اور لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ ہندوستان میں اسٹاک مارکیٹ کے بہت سے کھلاڑی، فلائٹ آپریٹرز اور نیوز آرگنائزیشن آوٹیج کی وجہ سے متاثر ہوئے۔ سوشل میڈیا پر بہت سے صارفین نے بلیو اسکرین آف ڈیتھ (BSOD) کی خرابی سے پھنسی اپنی اسکرین کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔