سری نگر : جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کی کل 90 اسمبلی سیٹوں میں سے نیشنل کانفرنس 51 سیٹوں پر اور اتحادی کانگریس 32 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی، جب کہ 5 سیٹوں پر ‘دوستانہ مقابلہ’ ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی سی پی آئی (ایم) اور جے کے این پی پی کو ایک ایک سیٹ دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ ریاست کی جن 24 نشستوں کے لیے 18 ستمبر کو ووٹنگ ہونی ہے، ان سیٹوں پر پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 اگست ہے۔ وہیں 25 ستمبر کو دوسرے مرحلہ کے تحت ووٹنگ ہونے والی 26 سیٹوں پر پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ پانچ ستمبر ہے ۔ تیسرے مرحلے کے تحت ریاست کی 40 اسمبلی سیٹوں پر یکم اکتوبر کو ووٹنگ ہونی ہے، ان پر پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ 12 ستمبر ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جموں و کشمیر کے 90 اسمبلی حلقوں میں 87.09 لاکھ ووٹر ہیں جن میں سے 42.6 لاکھ خواتین ہیں۔ یہاں پہلی بار ووٹ ڈالنے والے نوجوان ووٹروں کی تعداد 3.71 لاکھ ہے۔ جبکہ کل 20.7 لاکھ نوجوان ووٹرز ہیں، جن کی عمریں 20 سے 29 سال کے درمیان ہیں۔