نئی دہلی: جموں و کشمیر میں انتخابی گہما گہمی کے درمیان مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کو لے کر بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مودی حکومت نے مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ میں پانچ نئے اضلاع بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے لداخ میں پانچ نئے اضلاع بنائے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یہ اطلاع دی۔ لداخ کے یہ پانچ نئے اضلاع زنسکار، دراس، شام، نوبرا اور چانگتھانگ ہوں گے۔ زنسکار اور دراس کرگل کے علاقے میں ہیں، جبکہ شام، نوبرا اور چانگتھانگ لیہہ کے علاقے میں ہیں۔
‘ایكس’ پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں اس تاریخی فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اس فیصلے کے ساتھ نئے اضلاع - زنسکار، دراس، شام، نوبرا اور چانگتھنگ - ہر گوشے میں گورننس کو تقویت بخشتے ہوئے عوام کو ان کی دہلیز تك ان كے فائدہ پہنچائیں گے۔ ان پانچ اضلاع کی تشکیل کے بعد اب لداخ میں کل سات اضلاع ہوں گے جن میں لیہہ اور کارگل شامل ہیں۔
لداخ رقبے کے لحاظ سے ایک بہت بڑا مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے۔ اس وقت لداخ میں دو اضلاع ہیں - لیہہ اور کارگل۔ یہ ہندوستان کے سب سے کم آبادی والے علاقوں میں سے ایک ہے۔ انتہائی دشوار گزار اور ناقابل رسائی ہونے کی وجہ سے اس وقت ضلعی انتظامیہ کو نچلی سطح تک پہنچنے میں بہت سی مشکلات کا سامنا رہتا آیا ہے۔ ان اضلاع کی تشکیل کے بعد اب مرکزی حکومت اور لداخ انتظامیہ کی تمام عوامی فلاحی اسکیمیں عوام تک آسانی سے پہنچ سکیں گی اور زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وزارت کا یہ اہم فیصلہ لداخ کی ہمہ جہت ترقی میں بہت مفید ثابت ہوگا۔
پانچ نئے اضلاع کی تشکیل کے لیے “اصولی منظوری” دینے کے ساتھ ہی وزارت داخلہ نے لداخ انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ نئے اضلاع کی تشکیل سے متعلق مختلف پہلوؤں جیسے ہیڈکوارٹر، حدود، ڈھانچہ، عہدوں کی تخلیق، ضلع کی تشکیل سے متعلق کوئی دوسرا پہلو وغیرہ کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے اور تین ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے۔ مذکورہ کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ اس رپورٹ کی بنیاد پر نئے اضلاع کی تشکیل کی حتمی تجویز مزید کارروائی کے لیے وزارت داخلہ کو بھیجے گا۔