نئی دہلی: روس یوکرین جنگ کے درمیان وزیراعظم مودی نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے فون پر بات کی۔ وزیراعظم مودی کی یہ گفتگو اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ حال ہی میں وہ زیلنسکی سے مل کر آئے ہیں۔ اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی وزیراعظم مودی کو فون کرکے ان کے یوکرین کے حالیہ دورے کے بارے میں پوچھا تھا۔
وزیرعظم مودی اور روس کے صدر پوتن نے متعدد دو طرفہ امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور ہندوستان- روس کے درمیان خصوصی اور باعث اعزاز اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے یوکرین کے اپنے حالیہ دورہ کے بارے میں بصیرت کا اشتراک کیا۔ انہوں نے تنازعہ کے مستقل اور پرامن حل کے حصول کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت کے ساتھ ساتھ تمام فریقین کے درمیان مخلصانہ اور عملی مذاکرات پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
بتادیں کہ گزشتہ روز امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی وزیراعظم مودی کو فون کیا تھا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر طویل بات چیت ہوئی تھی۔ اس دوران یہ بھی بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم مودی اور امریکی صدر کے درمیان روس ۔ یوکرین جنگ کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ یوکرین سے واپسی کے بعد وزیراعظم مودی کی بائیڈن کے ساتھ بات چیت سفارتی اہمیت کی حامل ہے۔