نئی دہلی: ہریانہ اسمبلی انتخابات 2024 کے لیے کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے امیدواروں کی ایک اور فہرست سامنے آئی ہے۔ کانگریس نے ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے پانچ امیدواروں کی اپنی چوتھی فہرست جاری کی ہے۔ اس کے ساتھ اب تک اعلان کردہ امیدواروں کی تعداد 86 ہو گئی ہے۔ وہیں عام آدمی پارٹی نے بھی اپنی چھٹی فہرست جاری کردی ہے۔ اس طرح کیجریوال کی پارٹی نے اب تک 89 امیدواروں کی فہرست جاری کردی ہے۔
کانگریس کی نئی امیدواروں کی فہرست کی بات کریں تو پارٹی نے امبالہ کینٹ سے پریمل پاری، پانی پت دیہی سے سچن کنڈو، نروانا (ایس سی) سے ستبیر دوبلین، رانیا سے سرو مترا کمبوج اور تیگاؤں سے روہت نگر کو میدان میں اتارا ہے۔ یہ فہرست کانگریس کی جانب سے 40 امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کرنے کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی ۔ تیسری فہرست میں رندیپ سرجے والا کے بیٹے آدتیہ سرجے والا کو کیتھل سے ٹکٹ دیا گیا تھا۔
کانگریس نے ابھی تک چار سیٹوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ جس کی وجہ سے ان سیٹوں پر آخری لمحات میں اتحاد کی قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔ کانگریس عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ساتھ ہریانہ انتخابات کے لیے سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں بات چیت کر رہی تھی۔ دونوں طرف سے کافی کوششیں کی جارہی تھیں۔ تاہم بات چیت بے نتیجہ رہی اور AAP نے اس کے بعد کئی فہرستیں جاری کردی۔ حالانکہ اتحاد اب ممکن نہیں لگتا کیونکہ عام آدمی پارٹی 89 سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے ۔
ادھر عام آدمی پارٹی نے امیدواروں کی چھٹی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس طرح اب تک 89 امیدواروں کی فہرست جاری کی جا چکی ہے۔ اب صرف ایک سیٹ پر ہی اے اے پی کے امیدوار کا نام باقی رہ گیا ہے۔ جمعرات کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن ہے۔ ہریانہ میں اسمبلی انتخابات 5 اکتوبر کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی