بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ 16 رکنی ٹیم کی کمان نظم الحسین شنٹو کو دی گئی ہے۔ شنٹو کی کپتانی میں بنگلہ دیش نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز 2-0 سے جیتی تھی۔ لیجنڈ تیز گیندباز شریف الاسلام ہندوستان کے دورہ پر نہیں آئیں گے۔ جبکہ ذاکر علی کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19 ستمبر سے چنئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کے خلاف سیریز میں ٹیم سے باہر رہنے والے سلامی بلے باز محمود الحسن جوئے کی ہندوستان کے خلاف سیریز میں واپسی ہوئی ہے۔ حسن کمر کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم سے باہر تھے۔ اس سے صحت یاب ہونے میں انہیں دو ہفتے لگے۔ تیز گیند باز شریف الاسلام کمر کی تکلیف کے باعث ہندوستان کے خلاف سیریز میں نہیں کھیلیں گے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں حصہ لیا جہاں انہوں نے اپنی شاندار باؤلنگ سے کپتان بابر اعظم سمیت تین بلے بازوں کو پویلین بھیجا تھا ۔
شریف الاسلام کمر کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ شریف الاسلام کی جگہ گیند باز خالد احمد کو ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں موقع ملا ہے۔ خالد پاکستان کے خلاف سیریز میں نہیں کھیل سکے تھے۔ 26 سالہ وکٹ کیپر ذاکر علی کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ہندوستان کے خلاف بنگلہ دیش کا 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ:
نظم الحسین شنٹو(کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن داس، مہدی حسن معراج، ذاکر علی، تسکین احمد، حسن محمود، ناہید رانا، تعز الاسلام، محمود الحسن جوئے، نعیم حسن، خالد احمد