گونڈہ: اولمپیئن ونیش پھوگاٹ اور بجرنگ پونیا نے کانگریس پارٹی کی رکنیت لے لی ہے۔ ہریانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے ونیش کو ٹکٹ دیا ہے۔ اب ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سابق صدر اور بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نے اس پر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ کھلاڑیوں کا اندولن نہیں بلکہ کانگریس کی سازش ہے۔
بی جے پی لیڈر برج بھوشن شرن سنگھ نے کہا کہ جب جنتر منتر پر احتجاج شروع ہوا تو میں نے کہا تھا کہ یہ کھلاڑیوں کا آندولن نہیں ہے۔ یہ کانگریس کی سازش ہے۔ اس کے پیچھے دیپیندر اور بھوپیندر ہڈا ہیں۔ فائنل اسکرپٹ کانگریس کے دفتر میں لکھی گئی تھی ۔ اب فیصلہ عوام کریں گے ۔ ان لوگوں نے کھیل، کھلاڑیوں اور ہماری توہین کی۔ ان لوگوں نے خواتین کھلاڑیوں کی توہین کی ، میں نے نہیں بلکہ کانگریس نے کھلاڑیوں کی توہین کی ہے۔
انتخاب لڑنے اور مہم چلانے پر برج بھوشن شرن سنگھ نے کہا کہ اگر پارٹی کہے گی تو میں انتخابی مہم کروں گا۔ بی جے پی میں لیڈروں کا قحط نہیں ہے۔ اس وقت الیکشن نہیں مقدمہ لڑ رہا ہوں۔ ان لوگوں نے کھیل پر قبضہ کر لیا ہے۔ بھگوان نے اسی کا نتیجہ دیا ہے۔ ونیش بعد میں کہیں گی کہ اس کے ساتھ کوئی سازش ہوئی تھی۔ ایک دن کانگریس بھی توبہ کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے جمعہ کو ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے 31 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے، جس میں جمعرات کو کانگریس پارٹی میں شامل ہونے والی پہلوان ونیش پھوگاٹ کو جولانہ سیٹ سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔