نئی دہلی : وقف ترمیمی بل پر ڈاکٹر ذاکر نائک کی اپیل پر حکومت نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ مرکزی وزیر کرن ریجیجو نے کچھ ویڈیوز شیئر کرکے کہا کہ ہمارے ملک کے مسلمانوں کو مت بھڑکاو۔ کچھ دنوں پہلے ہی ڈاکٹر ذاکر نائک نے ایک پوسٹ کے ذریعہ اس بل پر بڑی سطح پر مخالفت ظاہر کرنے کی بات کی تھی ۔ فی الحال اس بل پر جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی غور کررہی ہے ۔
اقلیتی امور کے وزیر کرن ریجیجو نے لکھا: برائے کرم باہر سے ہمارے ملک کے معصوم مسلمانوں کو گمراہ نہ کریں ۔ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور لوگوں کے پاس اپنے خیالات رکھنے کا اختیار ہے ۔ جھوٹا پروپیگنڈہ غلط باتیں تیار کرے گا ۔ انہوں نے ذاکر نائک کی طرف سے کی گئی پوسٹ کو بھی شیئر کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستانی وقف کی املاک بچاو، وقف ترمیمی بل کو خارج کردو ۔
ادھر ایسی خبریں ہیں کہ جے پی سی کی میٹنگوں میں ٹکراو جاری ہے، کیونکہ ملک میں کئی سرکاری اکائیوں نے وقف بورڈس پر ان کی املاک پر قبضہ کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ کمیٹی میں اپوزیشن اراکین نے دعوی کیا ہے کہ حقیقت میں بڑی تعداد میں وقف املاک اے ایس آئی سمیت سرکاری اکائیوں کے ’ناجائز‘ قبضے میں ہیں ۔
پی ٹی آئی بھاشا کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ میٹنگوں میں اے آئی ایم آئی ایم لیڈر اسد الدین اویسی نے صرف دہلی کی ہی 172 وقف املاک کی فہرست سونپی، جو ان کے مطابق اے ایس آئی کے قبضے میں ہیں ۔