نئی دہلی : آندھرا پردیش کے مشہور تروملا تروپتی دیوستھانم (TTD) کے ‘لڈو پرسادم’ میں ملاوٹ کی خبر نے پورے ملک میں ہلچل مچا دی ہے۔ لڈو بنانے کے لیے ملاوٹ شدہ گھی کے استعمال کا معاملہ طول پکڑ گیا ہے۔ اب اس معاملے پر ساؤتھ سینما کے دو بڑے ستاروں کے درمیان لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔ حال ہی میں آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ اور اداکار پون کلیان نے ٹویٹ کیا تھا جس پر پرکاش راج نے تنقید کی تھی۔ اب پون کلیان نے اس معاملے میں اپنا ردعمل دیا ہے۔
پون کلیان نے ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی کہ وہ اس واقعے سے دکھی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ قومی سطح پر سناتن دھرم رکھشا بورڈ تشکیل دیا جائے جو ہندوستان میں مندروں سے متعلق مسائل پر نظر رکھے گا۔ اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پرکاش راج نے پون کلیان سے اپیل کی تھی کہ وہ اسے قومی مسئلہ نہ بنائیں اور سب سے پہلے مجرموں کا پتہ لگائیں اور انہیں سزا دیں۔
پرکاش راج نے پوسٹ میں لکھاکہ ‘پیارے پون کلیان، یہ اس ریاست میں ہوا ہے جہاں آپ نائب وزیر اعلیٰ ہیں۔ براہ کرم اس کی جانچ کریں۔ ملزمان کو ڈھونڈ کر سخت کارروائی کی کریں۔ آپ اس کو سنسنی خیز کیوں بنا رہے ہیں؟ آپ اس مسئلے کو قومی سطح پر کیوں اٹھا رہے ہیں؟ ہمارے ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی پہلے ہی بہت ہے۔
پون کلیان نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات چیت کے دوران پرکاش راج کے بیان کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ان معاملات میں کیوں نہ بولوں؟ پرکاش راج میں آپ کی بہت عزت کرتا ہوں۔ لیکن جب بات سیکولرزم کی ہو تو اسے باہمی ہونا چاہیے۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ آپ مجھ پر تنقید کیوں کر رہے ہیں۔ کیا میں سناتن دھرم پر حملے کے بارے میں نہیں بول سکتا؟
پون کلیان نے مزید کہا، ‘پرکاش راج کو سبق لینا چاہیے۔ فلم انڈسٹری یا کسی بھی معاملے کو ہلکے میں نہیں لینا چاہیے۔ میں سناتن دھرم کے بارے میں سنجیدہ ہوں۔ سناتن دھرم سب سے اہم ہے اور ہر ہندو کو اس کی ذمہ داری لینی چاہیے’۔