مظفر پور: بہار کے مظفر پور سے بڑی خبر سامنے آ رہی ہے جہاں سیلاب سے متاثرہ علاقے میں فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گر گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ہندوستان فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر، جو بہار کے مظفر پور میں سیلاب متاثرین کو امدادی سامان پہنچانے جا رہا تھا، سیلاب کے پانی میں گر گیا، جس کے بعد موقع پر بھگدڑ مچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ مظفر پور کے اورائی کے نیا گاؤں وارڈ نمبر 13 میں پیش آیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر سیتامڑھی سے امدادی سامان لے کر مظفر پور کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تقسیم کرنے جا رہا تھا۔ اس دوران یہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو کر سیلاب کے پانی میں جا گرا۔ واقعے کے بعد ایس ڈی آر ایف کی ٹیم اور مقامی گاؤں والوں نے امدادی کام شروع کیا اور ہیلی کاپٹر میں موجود افراد کو باہر نکالنے کا کام کیا۔ تاہم اس دوران کچھ لوگوں نے کشتی کے ذریعے پانی میں گرنے والے ہیلی کاپٹر سے امدادی سامان بھی لوٹنا شروع کردیا۔
اس واقعے کے بعد ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری پرتیا امرت نے کہا کہ پائلٹ کی دانشمندی کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انجن فیل ہونے کے بعد پائلٹ نے پانی میں لینڈنگ کرائی ہے۔ فضائیہ کے تمام سپاہی اور پائلٹ محفوظ ہیں۔ طیارہ پانی میں اترنے کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ پائلٹ اور زخمی فوجیوں کو علاج کے لیے ایس کے ایم سی ایچ بھیجا جا رہا ہے۔ حادثہ ہوتے ہی ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا تھا۔
وہیں اس واقعہ کے بعد بہار حکومت نے ایس ڈی آر ایف ٹیم کو انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے اے سی ایس پرتیا امرت نے کہا کہ واقعہ کے فوراً بعد ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے بہتر طریقے سے ریسکیو آپریشن کیا۔ ایس ڈی آر ایف کے جوانوں کو اس کے لیے انعام دیا جائے گا۔ بتادیں کہ مظفر پور میں ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد مقامی لوگ سیلفیاں لے رہے ہیں اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔