سری نگر: نیشنل کانفرنس (NC) اور کانگریس اتحاد جموں اور کشمیر کے انتخابات 2024 میں واضح اکثریت سے سرکار بناتا نظر آرہا ہے ۔ اس درمیان نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر فاروق عبداللہ نے بڑا بیان دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے عمر عبداللہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ وزیراعلی کے چہرہ سے متعلق صحافیوں کے سوال کے جواب میں فاروق عبداللہ نے کہا کہ ’’عمر عبداللہ وزیر اعلیٰ ہوں گے‘‘۔
فاروق عبداللہ نے سری نگر میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ 5 اگست 2019 کو کیے گئے فیصلے (دفعہ 370 کی منسوخی) انہیں قابل قبول نہیں ہیں۔ میں سب کا شکر گزار ہوں کہ لوگوں نے انتخابات میں حصہ لیا اور آزادانہ طور پر ایسا کیا۔ میں نتائج کے لیے اللہ کا شکر گزار ہوں۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ منتخب حکومت نے لوگوں کی پریشانیوں کو ختم کرنے کے لیے کافی کام کیا ہوگا۔
محبوبہ مفتی نے این سی-کانگریس کو دی مبارکباد
ادھر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے این سی-کانگریس اتحاد کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ میرے خیال میں لوگ ایک مستحکم حکومت چاہتے تھے اور وہ سمجھتے تھے کہ نیشنل کانفرنس-کانگریس اسے دے سکتی ہے اور بی جے پی کو دور رکھ سکتی ہے۔
بتادیں کہ اب تک کے رجحانات اور نتائج میں نیشنل کانفرنس (NC) اور کانگریس پارٹی کی حکومت بنتی نظر آرہی ہے۔ دونوں پارٹیاں مل کر تقریبا 50 سے زیادہ سیٹوں پر آگے دکھائی دے رہی ہیں۔ اسمبلی میں کل 90 سیٹیں ہیں۔ حکومت بنانے کے لیے کسی ایک جماعت کو 46 نشستیں درکار ہیں۔