تمل ناڈو کے تریچی سے شارجہ جانے والے ایئر انڈیا ایکسپریس کے طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث طیارے نے یہاں ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔ طیارے میں 141 مسافر سوار تھے اور ہوا میں چکر لگانے سے طیارے کا ایندھن کم ہوگیا ۔ جس کے بعد طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی تمام مسافر ین محفوظ بتائے جارہے ہیں۔ایئر انڈیا ایکسپریس کا طیارہ ۲گھنٹے سے زیادہ وقت تک فضا میں گھومتارہا۔ بحفاظت لینڈنگ کے بعد مسافروں نے تالیاں بجائیں۔ پائلٹ کی دانشمندی کی وجہ سے محفوظ لینڈنگ ممکن ہوئی۔ ایئرپورٹ پر موجود حکام اور مسافروں نے پائلٹ کی تعریف کی۔
رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز نمبر IX 613 نے تریچی ہوائی اڈے سے شام 5.32 بجے ٹیک آف کیا۔ جیسے ہی پائلٹ نے ٹیک آف کیا، اسے لینڈنگ گیئر کے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی کا پتہ چلا۔ اس کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی گئی۔ ہوائی جہاز کا ایندھن کم کرنے کے لیے دو گھنٹے سے زائد وقت تک ہوا میں چکر لگایا اور پھر لینڈ نگ کی گئی ہے۔
ہوا میں ایندھن ضائع کیاگیا
اس طیارے میں 144 مسافر سوار تھے 5 بج کر 40 منٹ پر اس میں خرابی کی اطلاع ملی۔ طیارے کو واپس جانے کو کہا گیا۔ لیکن چونکہ پورے ایندھن کے ساتھ محفوظ لینڈنگ کی کوشش کرنا مناسب نہیں تھا، اس لیے پائلٹوں نے ہوائی اڈے کے ارد گرد پرواز کرتے ہوئے جہاز سے کچھ ایندھن فضا میں ہی ضائع کردیا۔
جب طیارہ ہوا میں تھا توائیرپورٹ پر تمام طیاروں کی نقل و حرکت روک کر ہنگامی لینڈنگ کی مکمل تیاریاں کر لی گئی تھیں۔ فائر انجنوں کے ساتھ ایمبولینسوں کی مناسب تعداد بھی تیار رکھی گئی تھی۔
اس دوران طیارے میں سوار مسافروں کے ساتھ ساتھ ایئرپورٹ پر موجود افسران اور ملازمین نے بھی سانس روک لی۔ ہر کوئی طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کے لیے دعائیں کرتا رہا اور بعد میں یہ لینڈنگ کامیاب رہی ہے۔