نئی دہلی : کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آخرکار انتخابی میداں میں اتر گئی ہیں۔ وہ اپنے بھائی راہل گاندھی کی سیٹ سے کانگریس امیدوار کے طور پر انتخابی سیاست کا آغاز کریں گی۔ کانگریس نے منگل کی شام وائناڈ اور کیرالہ کی دو اسمبلی سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا، جس میں پرینکا گاندھی کا نام بھی شامل ہے۔ تاہم پارٹی نے جون میں ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ راہل گاندھی کے استعفیٰ سے خالی ہوئی وائناڈ سیٹ سے الیکشن لڑیں گی۔
اگر وہ وائناڈ سے الیکشن جیتتی ہیں تو وہ پہلی بار کسی بھی ایوان کی رکن بنیں گی۔ ایسے میں یہ بھی پہلی بار ہوگا کہ گاندھی خاندان کے تین افراد سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا ایک ساتھ پارلیمنٹ میں ہوں گے۔
پرینکا نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے فعال سیاست میں قدم رکھا تھا۔ تب سے وہ پارٹی جنرل سکریٹری کی ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔ اس سے پہلے یہ خبریں آئی تھیں کہ پرینکا گاندھی وارانسی سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف یا گاندھی خاندان کے گڑھ رائے بریلی میں سونیا گاندھی کی جانشین کے طور پر الیکشن لڑ سکتی ہیں۔ تاہم کانگریس نے انہیں وائناڈ سے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سیٹ سے ان کے بھائی راہل نے لگاتار دو انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ پرینکا گاندھی اس سے پہلے اتر پردیش کی کانگریس انچارج تھیں۔ اس لوک سبھا الیکشن میں انہوں نے رائے بریلی اور امیٹھی میں کانگریس کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
بتا دیں کہ الیکشن کمیشن نے منگل کو وائناڈ اور ناندیڑ لوک سبھا سیٹوں کے ساتھ ساتھ 48 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کا بھی اعلان کیا ہے۔ جھارکھنڈ اسمبلی کے لیے ووٹنگ کے پہلے مرحلے کے ساتھ 13 نومبر کو وائناڈ پارلیمانی سیٹ اور 47 اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ وائناڈ لوک سبھا ضمنی انتخاب کے اعلان کے فوراً بعد کانگریس نے پرینکا گاندھی کی امیدواری کی فہرست جاری کردی۔